
سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مملکت کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں ہونے والی فائرنگ اور کشیدگی پر گہری تشویش ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ مزید کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے دانشمندی، حکمت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ مملکت ہر اُس علاقائی اور بین الاقوامی کوشش کی حمایت جاری رکھے گی جو امن، استحکام اور ترقی کے فروغ میں معاون ثابت ہو، خصوصاً پاکستانی اور افغان عوام کے بہتر مستقبل کیلئے پوری کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 شرپسند ہلاک
سعودی عرب نے زور دیا کہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری پورے خطے کے امن کیلئے ناگزیر ہے، مملکت اس بات کی خواہاں ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافات کو بات چیت کے ذریعے دور کیا جائے تاکہ دونوں ممالک امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاکستان کی جانب سے مؤثر جواب دیا گیا، جس کے نتیجے میں خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا۔