
پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں سے لیس ہو کر پولیس ٹریننگ سینٹر پر چاروں اطراف سے فائرنگ کی، اس دوران زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی، پولیس کی بھاری نفری پولیس ٹریننگ سینٹر پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق اس دوران پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ، ایک حملہ آور بھی بچ کر نہیں جائے گا،پولیس ٹریننگ اسکول پر حملے کے دوران سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے چار حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا جبکہ فورسز کا علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ موقع پر پہنچ گئے اور وہ آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔
ڈی پی او سجاد احمد صاحبزادہ نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے فتنہ الخوارج کے تین دہشتگرد واصل جہنم کردیے، علاقہ کو گھیرے میں لیکر سکیورٹی فورسز کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اورکزئی آپریشن، فوجی جوانوں کی شہادت میں ملوث 30 فتنہ الخوارج جہنم واصل
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی پولیس ٹریننگ سینٹر سے ٹکرا دی ، واقعہ میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئےاب تک تین دستی بم ناکارہ بنا لیے گئے ہیں، وقوعہ پر مزید دو دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے تاہم کلیئرنس اپریشن جاری ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت کی اور پولیس اہلکاروں کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی پر خراجِ تحسین پولیس کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ بہادر پولیس اہلکاروں نے ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنائے، دہشتگردی کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابلِ فخر ہیں، پوری قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے، دہشتگرد پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کے دشمن ہیں، ایسے بزدلانہ حملے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔