فلپائن : سات اعشاریہ پانچ شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ
 فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے شدید زلزلے کے جھٹکوں کے لرز اٹھے جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔
فائل فوٹو
منیلا: (ویب ڈیسک) فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقے شدید زلزلے کے جھٹکوں کے لرز اٹھے جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کردی گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلپائن کے جنوبی ساحلی علاقوں میں جمعہ کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلہ منڈاناؤ کے علاقے میں داؤاؤ اورینٹل کے ساحلی قصبے مانائے کے قریب سمندر میں آیا جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

فلپائن کے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.5 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی گہرائی 20 کلومیٹر بتائی گئی۔

امریکی سونامی وارننگ سسٹم کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ زلزلے کے مرکز سے 300 کلومیٹر کے اندر آنے والے ساحلی علاقوں میں خوفناک سمندری لہروں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، سونامی کے خدشے کے پیش نظر ساحلی علاقوں کے قریبی رہائشیوں کو فوری طور پر بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی گئی۔

فلپائنی حکام کے مطابق زلزلے اتنا شدید تھا کہ لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے بعد عمارتوں کو بھی نقصان ہونے کی اطلاعات ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سکول کی عمارت گرنے سے 36 طلبا جاں بحق

صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ متعلقہ حکام زمینی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں ، متاثرہ علاقے کے مقامی حکام سے فوری طور پر رابطہ نہیں ہو سکا تاہم حالات نارمل ہوتے ہی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں کو روانہ کر دیا جائے گا۔

بعدازاں بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کے چند گھنٹے بعد فلپائن، پلاؤ اور انڈونیشیا کے لیے جاری سونامی الرٹ واپس لیتے ہوئے بیان جاری کیا کہ حالیہ زلزلے سے اب مزید سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ فلپائن بحرالکاہل کے ’رِنگ آف فائر‘ پر واقع ہے، جہاں ہر سال تقریباً 800 سے زائد زلزلے آتے ہیں۔