
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اپیل کورٹ میں اس وقت پیش آیا جب ایک مقدمے کی سماعت جاری تھی کہ اچانک مدعا علیہ نے جج پر فائر کھول دیا۔
فائرنگ کے نتیجے میں جج موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ دو دیگر افراد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیے گئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت 30 سالہ شخص کے طور پر ہوئی ہے جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم چند گھنٹوں بعد اسے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے آتشیں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
البانیہ کے وزیراعظم ایڈی رام نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے اندر اس طرح کا حملہ ملک کے عدالتی نظام پر حملے کے مترادف ہے۔
دوسری بھارت میں بھی ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا جہاں بھارتی سپریم کورٹ میں دورانِ سماعت ایک معمر شخص نے چیف جسٹس بی آر گوائی پر جوتا پھینک دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس دن کا پہلا مقدمہ سن رہے تھے کہ اچانک ایک شخص نے نعرے بازی شروع کی اور پھر جوتا دے مارا۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جوتا پھینکنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش معلوم ہوا کہ اس کے پاس وکلا اور معاونین کو جاری کیا جانے والا کارڈ موجود تھا۔
رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس گوائی نے حال ہی میں ایک ہندو دیوتا کے مجسمے سے متعلق درخواست مسترد کی تھی، جس پر سوشل میڈیا پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا تھا۔ ان پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔



