فرانسیسی وزیراعظم سیبسٹین لیکورنو مستعفی ہوگئے
France PM resignation
پیرس:(ویب ڈیسک) فرانسیسی وزیراعظم سیبسٹین لیکورنو نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جسے صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے فوری طور پر منظور کر لیا گیا۔

صدارتی محل الیسے سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ وزیراعظم کا استعفیٰ قبول کر کے نئی عبوری حکومت کی تشکیل پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ لیکورنو کو گزشتہ روز نئی کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر شدید تنقید کا سامنا تھا۔ ان پر الزام عائد کیا جا رہا تھا کہ انہوں نے حکومت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنے کے بجائے پرانے چہروں کو ہی برقرار رکھا، جس پر اپوزیشن جماعتوں اور عوامی حلقوں نے سخت ردِعمل دیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ دباؤ لیکورنو کے استعفے کی ایک بڑی وجہ بنا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ صدر میکرون نے صرف گزشتہ ماہ ہی سیبسٹین لیکورنو کو وزیراعظم کے طور پر نامزد کیا تھا، تاکہ سیاسی استحکام لایا جا سکے۔ تاہم ان کی مدتِ وزارتِ عظمیٰ محض چند ہفتوں تک محدود رہی۔

فرانسیسی میڈیا کے مطابق لیکورنو دو سال سے بھی کم عرصے میں فرانس کے پانچویں وزیراعظم ہیں، جو ملک میں جاری سیاسی بے یقینی کی عکاسی کرتا ہے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومت کی تبدیلی سے فرانس میں پالیسی تسلسل برقرار رکھنا مزید مشکل ہو جائے گا، جبکہ اپوزیشن نے فوری عام انتخابات کا مطالبہ کر دیا ہے۔