
یہ زلزلہ گزشتہ رات فلپائن کے وسطی جزیرے سیبو میں آیا تھا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے فوری بعد صوبائی حکومت نے پورے جزیرے میں ہنگامی حالت نافذ کر دی۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد اب تک 700 سے زائد آفٹر شاکس محسوس کیے جاچکے ہیں جس سے شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔
اس خوفناک زلزلے میں ساحلی شہر بوگو سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں درجنوں عمارتیں اور گھر زمین بوس ہوگئے۔
فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے اور بھاری مشینری کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ آفٹر شاکس کے باعث کئی عمارتیں مزید گرنے کے خدشے سے دوچار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی بحریہ کا گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملہ، درجنوں کارکن گرفتار
متاثرہ علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے اثرات کئی دنوں تک رہیں گے۔
حکومت کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔