
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق سابق فرانسیسی صدر نکولس سرکوزی کو لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی سے 2007 کی انتخابی مہم کے لیے غیر قانونی فنڈنگ اسکیم میں ملوث ہونے پر 5 سال قید کی سزا سنا ئی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے نکولس سرکوزی کو مجرمانہ سازش کے الزام میں قصور وار قرار دیا، تاہم انہیں کرپشن اور ذاتی طور پر غیر قانونی فنڈز وصول کرنے کے الزامات سے بری کر دیا گیا۔
جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ جرائم ’غیر معمولی سنگینی‘ کے حامل ہیں اور ’شہریوں کے اعتماد کو نقصان پہنچانے والے‘ ہیں، تاہم عدالت نے پراسیکیوشن کے اس مؤقف کو نہیں مانا کہ سرکوزی نے براہِ راست غیر قانونی فنڈنگ سے فائدہ اٹھایا۔
فیصلے کے مطابق پراسیکیوٹرز ایک ماہ کے اندر سرکوزی کو مطلع کریں گے کہ انہیں کب جیل بھیجا جائے گا تاہم سرکوزی کی جانب سے فیصلے کیخلاف اپیل کرنے کی صورت میں بھی عدالت کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ میں بین الاقوامی ہنر مند افراد کے لیے ویزا فیس ختم کیے جانے کا امکان
عدالت نے 70 سالہ نکولس سرکوزی پر ایک لاکھ یورو (ایک لاکھ 17 ہزار ڈالر) جرمانہ بھی عائد کیا اور انہیں سرکاری عہدہ رکھنے سے روک دیا گیا ۔
خیال رہے کہ انہیں اس سے قبل بھی دو مقدمات میں بھی سزا سنائی جاچکی ہے تاہم وہ جیل جانے سے بچے رہے، عدالتی فیصلے پر عملدرآمد ہونے کی صورت میں نکولس سرکوزی جنگِ عظیم دوم کے بعد جیل جانے والے پہلے فرانسیسی سربراہ مملکت بن جائیں گے۔
سز ا سننے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نکولس سرکوزی نے کہا کہ میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کروں گا ، یہ فیصلہ قانون کی حکمرانی کے لیے نہایت سنگین ہے۔