
برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کی گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس دنیا بھر کے مایہ ناز سائنس دانوں، ماہرینِ تعلیم اور ڈیجیٹل ماہرین کو برطانیہ کی جانب راغب کرنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ نمبر 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ اور وزارتِ خزانہ میں زیرِ غور ہے۔
زیر غور ایک آپشن یہ ہے کہ دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل یا بین الاقوامی سطح پر معروف ایوارڈز جیتنے والے افراد کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کر دی جائے۔
یہ بات چیت اس وقت شروع ہوئی جب امریکہ نے H-1B ویزا (جو ٹیکنالوجی سیکٹر میں بہت مقبول ہے) کے لیے فیس میں نمایاں اضافہ کر دیا۔ اب امریکہ میں ہر نئے H-1B ویزا کی فیس $100,000 مقرر کی گئی ہے جس کے بعد برطانیہ میں بھی اعلیٰ ہنر رکھنے والے افراد کو متوجہ کرنے کی کوششوں میں تیزی آئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کی نئی ویزا پالیسی، بھارتیوں کو بڑا دھچکا
برطانوی اصلاحات کے حامیوں کا ماننا ہے کہ ویزا لاگت میں کمی سے برطانیہ کو بین الاقوامی مقابلے میں برتری مل سکتی ہے۔ فی الحال برطانیہ کا گلوبل ٹیلنٹ ویزا ہر درخواست دہندہ کے لیے £766 ($1,030) فیس لیتا ہے اور یہی فیس ان کے شریک حیات اور بچوں پر بھی لاگو ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ وزارتِ خزانہ اور ڈاؤننگ اسٹریٹ کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔