
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق روس کے مشرقی خطے کامچٹکا میں گزشتہ رات گئے 7.8 شدت کا زلزلہ آیا ، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، یہ جھٹکے 29 جولائی کو آنے والے 8.8 شدت کے بڑے زلزلے کے آفٹر شاک تھے۔
حکام کے مطابق اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم مقامی آبادی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی جبکہ زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔
دوسری جانب انڈونیشیا کے صوبے پاپوا میں بھی رات گئے 6.1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے،جیولوجیکل رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز نبائر شہر سے تقریباً 28 کلومیٹر جنوب میں اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔
یہ بھی پڑھیں: تارکینِ وطن کی کشتی میں آتشزدگی، 50 افراد لقمہ اجل بن گئے
ترجمان نیشنل ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتوں کو نقصان پہنچا، ایئرپورٹ کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک سرکاری دفتر کی چھت بھی گر گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ زلزلے کے باعث ایک پل کو بھی نقصان پہنچا اور بجلی و ٹیلی کام نیٹ ورک متاثر ہوا، زلزلے کے بعد اب تک 50 آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین کے مطابق روس اور انڈونیشیا دونوں خطے زلزلوں کے حوالے سے حساس تصور کیے جاتے ہیں، جہاں بڑی شدت کے جھٹکے کسی بھی وقت آ سکتے ہیں۔ حالیہ جھٹکوں نے ایک بار پھر ان خطوں میں قدرتی آفات سے بچاؤ اور فوری امدادی نظام کی ضرورت کو اجاگر کر دیا ہے۔