
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ انہیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور اس اہم دفاعی معاہدے کے حوالے سے معلومات تھیں اور ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت اس معاہدے کو اپنی قومی سلامتی، علاقائی توازن اور عالمی استحکام کے تناظر میں دیکھ رہا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اقدامات پر غور جاری رہے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی حکومت اس پیش رفت کے ہر پہلو پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ بعد ازاں ان کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، سٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط
مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ معاہدہ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری کی توسیع ہے۔ معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور امن و سلامتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں مشترکہ دفاع کی بنیاد فراہم کرے گا اور ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔