ریاض: 23 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان
Saudi National Day 2025
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) عرب میڈیا کے مطابق 23 ستمبر بروز پیر کو مملکت بھر میں قومی دن پرعام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہری اور غیر ملکی باشندے یکساں طور پر اس تاریخی دن کی تقریبات میں شریک ہوسکیں۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں 95واں قومی دن نہایت جوش و خروش اور شایانِ شان انداز میں منانے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔

یہ دن 1932 میں بانیِ مملکت شاہ عبدالعزیز بن سعود کے اُس تاریخی فرمان کی یاد تازہ کرتا ہے، جس کے تحت نجد اور حجاز کو متحد کرکے سعودی عرب کے نام سے ایک نئی ریاست قائم ہوئی۔

ذہن نشین رہے کہ قومی دن پہلی بار 1965 میں شاہ فیصل کے دور میں سرکاری سطح پر منایا گیا، جبکہ 2005 میں شاہ عبداللہ کے حکم پر اسے مستقل عام تعطیل قرار دیا گیا۔

اس سال کے یومِ قومی کا تھیم ہمارا فخر ہماری فطرت میں ہے رکھا گیا، جو سعودی عوام کی روایتی اقدار، ثقافتی ورثے اور قدرتی حسن کی عکاسی کرتا ہے۔

 جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (GEA) کے مطابق یہ نعرہ سعودی عوام کی مہمان نوازی، سخاوت، جرات اور بلند حوصلے جیسے اوصاف کو نمایاں کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:برازیل نے ویزا شرائط آسان کر دیں، اپلائی کرنے کا طریقہ جانیے

قومی دن کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، جن میں شاندار آتشبازی، ڈرون شوز، سعودی ہاکس کے فضائی کرتب، ثقافتی مظاہرے، روایتی رقص اور نمائشیں شامل ہیں۔ ریاض، جدہ اور دمام سمیت بڑے شہروں کی مرکزی عمارتوں کو سبز رنگ کی روشنیوں سے سجا دیا جائے گا، جبکہ مختلف شاپنگ مالز اور پبلک مقامات پر عوام کیلئے خصوصی تفریحی سرگرمیاں بھی ہوں گی۔

یاد رہے کہ ہر سال سعودی عوام اور غیر ملکی باشندے قومی دن پر سبز پرچم لہرا کر اور قومی رنگوں میں ملبوس ہو کر عقیدت و فخر کے ساتھ اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔