
بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق برازیل کا مستقل رہائشی ویزا غیر ملکیوں کو قانونی طور پر ملک میں رہنے، کام کرنے اور تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ یہ ویزا ان افراد کیلئے خاص کشش رکھتا ہے جو کاروبار، سرمایہ کاری، تعلیم یا خاندانی بنیادوں پر برازیل منتقل ہونا چاہتے ہیں۔
برازیل میں مستقل رہائش حاصل کرنے کا سب سے عام طریقہ کاروبار یا جائیداد میں سرمایہ کاری ہے۔ اگر کوئی غیر ملکی شخص برازیل میں مخصوص مالیت کی سرمایہ کاری کرتا ہے تو وہ مستقل رہائش کا اہل ہو سکتا ہے۔
اسی طرح ماہر افراد جیسے سائنسدان، محققین اور پروفیسرز بھی برازیل میں روزگار یا اسپانسرشپ حاصل کر کے عارضی ویزے کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں، جو بعد میں مستقل ویزے میں بدلا جا سکتا ہے۔
خاندانی بنیادوں پر مستقل رہائش حاصل کرنے کا طریقہ بھی خاصا مقبول ہے۔ برازیلین شہری سے شادی یا برازیلین بچہ ہونا مستقل رہائش کا قانونی جواز فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ ریٹائرڈ افراد بھی برازیل میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔ اگر ان کے پاس دو ہزار امریکی ڈالر ماہانہ آمدن (تقریباً پانچ لاکھ 67 ہزار 8 سو پاکستانی روپے) ہو اور وہ دو سال کیللئے عارضی رہائشی پرمٹ حاصل کریں، تو یہ پرمٹ بعد میں مستقل رہائش میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔
2024 کے بعد سے برازیل کی تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل اور مقامی ملازمت حاصل کرنے والے افراد بھی دو سالہ پرمٹ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں، جو بالآخر مستقل رہائش کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔
برازیل میں مستقل رہائش کیلئے سرمایہ کاری کی شرائط بھی واضح ہیں۔ جائیداد میں کم از کم سات لاکھ برازیلین ریئلز (تقریباً تین کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار پاکستانی روپے) یا کاروبار میں کم از کم پانچ لاکھ برازیلین ریئلز (تقریباً دو کروڑ 61 لاکھ 99 ہزار پاکستانی روپے) کی سرمایہ کاری ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاری کو رہائش کے دوران برقرار رکھنا لازمی ہے۔ سرمایہ کاری کے منصوبے، فنڈز کے ثبوت اور دیگر دستاویزات فراہم کرنا بھی لازمی ہے۔
اس کے علاوہ کسی برازیلین کمپنی کے ساتھ روزگار کا معاہدہ کرنا اور 2 سے 4 سال تک اس پر قائم رہنا بھی مستقل رہائش حاصل کرنے کی ایک شرط ہے۔
ریٹائرمنٹ اسکیم کے تحت درخواست دینے والے افراد کو اپنی پنشن کی باقاعدہ آمدنی کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔ عمومی شرائط میں درست پاسپورٹ، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ، برازیل میں قانونی داخلے کا ثبوت اور رہائش کا ریکارڈ شامل ہے۔ مزید یہ کہ مستقل رہائش برقرار رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ کوئی شخص دو سال سے زیادہ مسلسل برازیل سے غیر حاضر نہ رہے۔
درخواست دینے کے طریقہ کار کے مطابق سب سے پہلے سرمایہ کاری یا دیگر اہل بنیاد پر ویزے کیلئے تیاری کی جاتی ہے۔ تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے کے بعد عارضی ویزا کیلئے درخواست برازیلی قونصل خانے یا اگر کوئی برازیل میں موجود ہے تو فیڈرل پولیس کے پاس جمع کروائی جاتی ہے۔ مستقل رہائش کیلئے 100 سے 300 امریکی ڈالر فیس مقرر ہے جس میں رہائشی اجازت نامہ اور قومی رجسٹریشن کارڈ شامل ہیں۔
تمام دستاویزات اور درخواستیں ڈیجیٹل یا مقررہ وقت پر جمع کرائی جاتی ہیں، منظوری کیلئے عمومی طور پر 4 سے 6 ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔ درخواست منظور ہونے کے بعد برازیل میں فیڈرل پولیس کے ساتھ رجسٹریشن ضروری ہے، جس کے بعد رہائشی شناختی کارڈ جاری کر دیا جاتا ہے۔