یو اے ای میں 5 ستمبر کو عید میلادالنبیؐ پر عام تعطیل کا اعلان
UAE holiday Eid Milad un Nabi 2025
فائل فوٹو
ابوظہبی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔

یہ تعطیل 5 ستمبر بروز جمعہ کو ہوگی اور اس کا اطلاق وفاقی اداروں، وزارتوں اور نجی شعبے کے ملازمین پر بھی ہوگا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق وفاقی انسانی وسائل اتھارٹی نے اس سلسلے میں سرکلر جاری کر دیا ہے جس کے تحت تمام وفاقی وزارتیں اور سرکاری ادارے 5 ستمبر کو بند رہیں گے۔ سرکلر میں اسلامی دنیا کو اس بابرکت موقع کی مناسبت سے مبارکباد بھی پیش کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزارتِ انسانی وسائل اور ایمریٹائزیشن نے وضاحت کی ہے کہ نجی شعبے کے ملازمین کو بھی باقاعدہ تنخواہ کے ساتھ عام تعطیل دی جائے گی۔ اس اعلان کو ملک بھر میں خوشی اور عقیدت کے ساتھ سراہا جا رہا ہے۔

اماراتی قیادت اور حکومت نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید میلادالنبیؐ مسلمانوں کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، اس موقع پر آپؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی اسلامی دنیا کو اتحاد، امن اور بھائی چارے کا پیغام بھی دیا گیا      ہے۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات ہر سال عید میلادالنبیؐ کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کرتا ہے تاکہ شہری اور مقیم افراد یکساں طور پر اس دن کی روحانیت اور فضیلت کو اجاگر کر سکیں۔