روس کے مشرقی ساحل پر 5.6 شدت کا زلزلہ
Russia earthquake
فائل فوٹو
ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے مشرقی ساحل پر واقع کمچاٹکا جزیرہ کے قریب جمعرات کے روز 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس نے علاقے کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پیدا کردیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق روسی اکیڈمی آف سائنسز کے جیو فزیکل سروس کی کمچاٹکا برانچ نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز زیرِ زمین 50.4 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔

زلزلہ پیٹروپاولووسک-کمچاٹسکی شہر سے تقریباً 208 کلومیٹر کے فاصلے پر ریکارڈ کیا گیا۔ درمیانی درجے کا یہ زلزلہ شدید نقصان کا باعث نہیں بنتا، تاہم جھٹکوں کے باعث لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت صورتحال قابو میں ہے اور مقامی ماہرین زلزلے کے بعد کے اثرات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ آفٹر شاک کی صورت میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

یاد رہے کہ 30 جولائی کو اسی علاقے میں ریکٹر اسکیل پر 8.8 شدت کا ایک انتہائی طاقتور زلزلہ آیا تھا، جسے کمچاٹکا کی تاریخ کا سب سے شدید زلزلہ قرار دیا گیا تھا۔ اس زلزلے نے عالمی سطح پر بھی توجہ حاصل کی تھی اور ماہرین نے اسے ممکنہ سونامی خطرے سے جوڑا تھا۔

ماہرین کے مطابق کمچاٹکا خطہ جغرافیائی طور پر زلزلوں کے لحاظ سے حساس سمجھا جاتا ہے اور یہاں وقتاً فوقتاً درمیانے اور شدید زلزلے آتے رہتے ہیں