
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کالعدم بی ایل اے اور اس کا ذیلی گروپ مجید بریگیڈ غیر ملکی دہشت گرد تنظیم ہے،کالعدم بی ایل اے، مجید بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کالعدم بی ایل اے 2019 سے عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل ہے،کالعدم بی ایل اے نے 2024 میں کراچی ایئرپورٹ اور گوادرپورٹ پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔
محکمہ خارجہ امریکا کی جانب سے کہا گیا کہ کالعدم بی ایل اے نے 2025میں جعفرایکسپریس ہائی جیکنگ اور 31افراد کے قتل کا اعتراف کیا،ٹرین ہائی جیکنگ میں 300 سے زائد مسافر یرغمال بنائے گئے،ٹرمپ انتظامیہ کا دہشت گردی کے خلاف عزم برقرار رہے گا۔
یاد رہے کہ رواں برس مارچ میں بھارتی سرپرستی میں کالعدم بی ایل اے کے دہشتگردوں نے بلوچستان کے ضلع کچھی میں جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کر کے مسافروں کو یرغمال بنا لیا تھا۔
اس دوران بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلسل دہشتگردوں کے بیانات نشر کیے جاتے رہے، بھارتی ٹی وی چینلز نے جعلی ویڈیوز، پرانی تصاویر اور اے آئی سے بنی ویڈیوز کا سہارا لیا تاکہ غلط معلومات اور پروپیگنڈا پھیلایا جا سکے۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمدشریف چودھری متعدد مواقعوں پر واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت کا ہاتھ ہے، حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترجمان پاک فوج کی جانب سے پاکستان میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس ثبوت بھی پیش کیے گئے تھے۔