
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر نے دارالحکومت اکرا سے جنوبی شہر اوبواسی (Obuasi) کے لیے اڑان بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا جس پر فوری طور پر سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیلی کاپٹر کو گھانا کے جنوبی اشانتی (Ashanti) ریجن میں حادثہ پیش آیا جہاں ہیلی کاپٹر کے ملبے سے اُٹھتا ہوا دھواں دور دور تک دکھائی دیا تاہم حادثے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں۔
خبررساں ادارے کے مطابق گھانا کی ملٹری، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں نے مشترکہ طور پر ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایریزونا میں میڈیکل ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ، تمام افراد ہلاک
گھانا کے چیف آف اسٹاف جولیس ڈیبراہ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں وزیرِ دفاع ایڈورڈ عمانے بواما اور وزیرِ ماحولیات ابراہیم مرتضیٰ محمد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ دیگر 3 مسافر اور عملے کے 3 ارکان بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
چیف آف اسٹاف نے ایک ویڈیو بیان میں حادثے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ صدر کی ہدایت پر تاحکم ثانی ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔