فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) جرمنی کے صوبہ باڈن وورٹمبرگ میں اتوار کی شام ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کا ایک المناک واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق جرمنی کے صوبہ باڈن وؤرٹمبرگ میں اتوار کی شام ایک حادثے میں ٹرین پٹڑی سے اُتر گئی جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور درجنوں مسافر شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب سو سے زائد مسافروں کو لے جانے والی ٹرین جنگلاتی علاقے سے گزر رہی تھی۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ٹرین کا ڈرائیور،ایک ریلوے اپرنٹس اور ایک بزرگ شامل ہیں۔
زخمیوں کی تعداد 50 بتائی جا رہی ہے جن میں سے 25 کی حالت نازک ہے۔حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں حادثہ کی جگہ پر پہنچ گئیں۔ چھ ریسکیو ہیلی کاپٹروں اور دیگر طبی عملے نے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ ڈوئچے بان نے اطلاع دی ہے کہ دو بوگیاں نامعلوم وجوہات کی وجہ سے پٹڑی سے اُتر گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: وزٹ ویزے کی مدت ختم ہونے والوں کے لیے مہلت میں توسیع
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے سے پہلے علاقے میں شدید بارش ہوئی تھی جس کے وجہ سے زمینی کھسکاؤ اور سیوریج نظام میں خرابی کے امکانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
وزیرِ داخلہ تھوماس اسٹروبِل ابتدائی شواہد کی روشنی میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زمین کھسکنے کی وجہ سے یہ حادثہ وقوع پذیر ہوا۔حادثے کے بعد سگمارنگن سے اُلم تک چالیس کلومیٹر کا ریل ٹریک عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
چانسلر فریڈرک مرز اور ڈوئچے بان کے سی ای او رچرڈ لٹز نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا نیز مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کی ۔