
بین الاقوامی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ٹیکساس میں کئی روز سے جاری بارشوں نے نظام زندگی مفلوج کر دیا۔ کیر کاؤنٹی سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 84 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
امدادی کارکنوں نے بتایا کہ سمر کیمپ میں موجود 27 لڑکیاں اور ان کے کونسلرز ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 10 لڑکیاں اور ایک سٹاف ممبر تاحال لاپتا ہیں۔
حکام کے مطابق درجنوں لاپتا افراد کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے، جس میں ہیلی کاپٹرز، کشتیاں اور ڈرونز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ دریائے گوادیلوپ کے کناروں پر بھی سرچ ٹیمیں سرگرم عمل ہیں، جہاں دریا کا پانی چند گھنٹوں میں کئی فٹ بلند ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مری میں شدید بارش اور دھند، سیاحوں کیلئے الرٹ جاری
ماہرین موسمیات کے مطابق یہ غیر معمولی صورت حال موسمی دباؤ اور مسلسل بارشوں کا نتیجہ ہے۔
دوسری جانب مزید بارشوں کی پیشگوئی نے خطرات کو دوگنا کر دیا ہے، جس کے باعث ریاستی گورنر نے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق اگلے 48 گھنٹے نہایت اہم ہیں، اس لیے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔