
گزشتہ 2 روز سے جاری بارشوں نے موسم کو شدید خراب کر دیا ہے۔ بالائی علاقوں میں دھند نے حدِ نگاہ کو محدود کر دیا، جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہورہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے، اس لیے شہری ندی نالوں اور پہاڑی ڈھلوانوں سے دور رہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غیر ضروری سفر سے بھی گریز کیا جائے اور اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال لازمی کریں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔ سیاحوں کو خاص طور پر محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔
مقامی افراد کو بھی احتیاط برتنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے بچنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس وقت مری کے مختلف علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہیں اور کئی مقامات پر ٹریفک جزوی طور پر معطل ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:داسو ڈیم کی تکمیل سے 21 ارب یونٹ سستی بجلی ملے گی
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے اور شہریوں کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔