
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے کسٹمز حکام نے تھائی لینڈ سے ممبئی میں آنے والی پرواز کے ایک مسافر کی زندہ سانپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
بھارتی کسٹمز حکام کا کہنا تھا کہ کسٹمز افسران نے جنگلی حیات کی سمگلنگ کی ایک اور کوشش ناکام بناتے ہوئے ، تھائی لینڈ سے ممبئی واپس آنے والے مسافر سے 16 زندہ سانپ برآمد کیے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کے روز ممبئی پہنچنے والے مسافر کو حراست میں لے کر اس سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ سانپ ضبط کر لیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ضبط کیے گئے زندہ سانپوں میں بیشتر پالتو جانوروں کی مارکیٹ میں فروخت کیے جانے تھےاور ان میں زیادہ تر غیر زہریلے سانپ تھے یا ان کا زہر اتنا کمزور تھا کہ انسانوں پر اثر انداز نہیں ہو سکتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی دفاعی اتاشی کا پاکستان کیساتھ جنگ میں طیارے تباہ ہونے کا اعتراف
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سے قبل جون کے آغاز میں بھی کسٹمز حکام نے ایک مسافر کو تھائی لینڈ سے درجنوں زہریلے وائپر سانپوں کی سمگلنگ کرتے ہوئے حراست میں لیا تھا، اس کے چند دن بعد ایک اور مسافر کو گرفتار کیا گیا جس سے 100 سے زائد جنگلی حیات برآمد ہوئیں جن میں چھپکلیاں، سن برڈز اور درختوں پر چڑھنے والے پوسیوم شامل تھے۔
جنگلی حیات کی غیر قانونی تجارت پر نظر رکھنے والے ادارے ’ٹریفک‘ نے خبردار کیا ہے پالتو جانوروں کی بڑھتی ہوئی طلب نے جنگلی جانوروں کی سمگلنگ کو ایک ’سنگین مسئلہ‘ بنا دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں تھائی لینڈ اور بھارت کے درمیان فضائی راستے سے 7 ہزار سے زائد زندہ یا مردہ جانوروں کو پکڑا گیا ہے۔