بھارتی دفاعی اتاشی کا پاکستان کیساتھ جنگ میں طیارے تباہ ہونے کا اعتراف
بھارتی دفاعی اتاشی نے پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرلیا۔
فائل فوٹو
جکارتہ: (سنو نیوز) بھارتی دفاعی اتاشی نے پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ میں بھارتی فضائیہ کے طیاروں کی تباہی کا اعتراف کرلیا۔

انڈونیشیا میں سیمینار سے خطاب کے دوران بھارتی دفاعی اتاشی شیو کمار نے اعتراف کیا کہ 7 مئی کو پاکستانی فضائیہ نے بھارتی جنگی جہاز مار گرائے تھے ، بھارتی جنگی طیارے اس لئے گرے کیونکہ سیاسی قیادت نے پاکستانی فوجی اہداف کو نشانہ نہ بنانے کے احکامات جاری کئے تھے۔

تاہم بھارتی بحریہ سے تعلق رکھنے والے کیپٹن شیو کمار نے جنگ کے دوران تباہ ہونے والے بھارتی جنگی جہازوں کی تعداد بتا نے سے گریز کیا۔

دفاعی اتاشی کا بیان سامنے آنے پر کانگریس نے مودی سرکار کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جانب سے دفاعی اتاشی کے بیان پر ردعمل میں کہا گیا کہ مودی سرکار نے قوم کو گمراہ کیا ،مودی حکومت یہ بتانے میں ناکام رہی کہ آپریشن سندور میں بھارت کے کتنے جنگی جہاز تباہ ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کی پاکستان پر پھر سے حملے کی تیاری؟

خیال رہے کہ بھارت نے پہلگام فالس فلیگ کی آڑ میں6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جارحیت کا ارتکاب کرتے ہوئے پاکستان پر حملہ کیا تھا جس کا پاکستان نے بروقت اور مؤثر جواب دیا۔

پاکستانی شاہینوں نے رات کی تاریکی میں میزائل حملوں میں شہریوں کو نشانہ بنانے والے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے تھے۔

پاک فوج نے جوابی کارروائی میں برنالہ، شکر گڑھ اور کوٹلی سیکٹر میں بھارتی ڈرونز اور متعدد کواڈ کواپٹرز بھی تباہ کر دیے گئے تھے جبکہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا تھا یہاں تک کہ بھارتی فوجیوں نے شکست تسلیم کرتے ہوئے چوکیوں پر سفید جھنڈے لہرانا شروع کردیے تھے۔

افواج پاکستان کے جری جوانوں نے بھارتی فوج کا انفنٹری بریگیڈ ہیڈ کوارٹر اور ایک بٹالین ہیڈ کوارٹر سمیت متعدد پوسٹیں تباہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔