بھارت کی پاکستان پر پھر سے حملے کی تیاری؟
Khawaja Asif statement on India Pakistan tensions
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف ڈیڑھ ماہ میں ہمیں 3 فتوحات ملیں، بھارتی قیادت اپنی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے کچھ نہ کچھ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر دفاع خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کے پی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سوات سانحہ کوئی پہلا حادثہ نہیں، اس سے قبل بھی خیبرپختونخوا میں حادثات ہوئے رہے ہیں، وہ مشینری لے کر اسلام آباد پر حملہ آور ہوتے ہیں، جبکہ کرپشن کے ریلے میں سارا صوبہ بہہ رہا ہے، آپس کے حصہ کیلئے ان میں لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایک عرصہ تک پارٹی الیکشن ہی نہیں کرائے، ان کا نام کبھی سنی اتحاد کبھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، کبھی کچھ اور ہو جاتا ہے ، یہ کونسی پارٹی ہے ، کونسا برینڈ ہے ، کیا شناخت ہے ، کسی کو بھی نہیں پتا۔

وزیردفاع کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بہت سے لوگ آزاد ہوگئے ہیں اور ہوسکتا ہے وہ لوگ علیحدہ پارٹی بنا کر حکومتی اتحاد میں شامل ہوجائیں، یا تو وہ لوگ کسی اور پارٹی میں شامل ہوں گے یا علیحدہ پارٹی بنالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:شمالی وزیرستان میں خودکش حملہ، مادرِ وطن کے 13 سپوت شہید

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی سیٹوں پر گئے اور اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر سے ملے لیکن تحریک انصاف میں کوئی بھی سنجیدہ نہیں کہ عمران خان رہا ہوں

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھارت کیخلاف فتح حاصل ہوئی ہے، بھارت ایس سی او سے بھاگا ہے، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھی گزشتہ روز فتح ملی، ڈیڑھ ماہ میں ہمیں 3 فتوحات ملی ہیں، بھارتی قیادت اپنی ساکھ کو بحال کرنے کیلئے کچھ نہ کچھ ضرور کرے گی۔