
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ فی الحال ہم نے تجارت روک دی ہے، بھارت ٹیرف میں مکمل ریلیف چاہتا ہے جو کہ ناقابل قبول ہے،ہم نے چین کے ساتھ تجارت شروع کردی ہے۔
علاوہ ازیں چین اور امریکا نے ایک دوسرے کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کردی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ شب وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران چین سے تجارتی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حال ہی میں چین کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
دوسری جانب چین کی وزارت تجارت نے بھی امریکا سے تجارتی معاہدہ طے پانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقین کے درمیان فریم ورک کی تفصیلات پر اتفاق ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر کے بیان پر امریکہ کا ردِ عمل سامنے آگیا
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوسری بار اقتدار سنبھالا تو متعدد ممالک پر ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا، امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اعلان پر چین نے جوابی ٹیرف کا اعلان کیا تو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ شروع ہو گئی۔
چین امریکا تجارتی جنگ نے بین الاقوامی مارکیٹوں پر نمایاں اثرات ڈالے تاہم اب غیر یقینی صورت حال کے خاتمے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
ادھر کینیڈا نے امریکی کمپنیوں پر ٹیکس لاگو کرنے کا اعلان کردیا جس پر صدر ٹرمپ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا سے تجارت پر مذاکرات فوری ختم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا نے امریکا کی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر ڈیجیٹل سروس ٹیکس عائد کیا اب کینیڈا سے تجارت پر کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی۔