پاکستان میدان جنگ میں ناقابلِ شکست، بھارت کا اعتراف
India Pakistan war
فائل فوٹو
نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی دفاعی تجزیہ کار اور سابق افسر پراوین سواہنے نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میدان جنگ میں ناقابلِ شکست ہے، بھارت مغربی محاذ پر کبھی پاکستان کو شکست نہیں دے سکا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مغربی محاذ پر لڑی گئی کسی بھی جنگ میں کبھی شکست نہیں کھائی۔

ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پراوین سواہنے نے کہا کہ 1971 کی جنگ میں پاکستان کی شکست محض مشرقی محاذ تک محدود تھی کیونکہ اس محاذ پر بھارتی افواج نے فضائی اور زمینی نقل و حمل بند کر دی تھی،جس کے باعث پاکستان کو امداد پہنچنا ممکن نہ رہا۔ تاہم مغربی محاذ پر پاکستان کی فوج نے ہمیشہ بھرپور مزاحمت کی اور بھارت کی پیش قدمی کو ناکام بنایا۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت مغربی محاذ پر پاکستان کو شکست دیتا تو آج لائن آف کنٹرول موجود نہ ہوتی۔ اس محاذ پر پاکستان کی طاقت اور مزاحمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بھارت نے کبھی اس محاذ پر پیش قدمی کرنے کا جرأت مندانہ فیصلہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کا معروف صحافی کو نوکری سے نکالنے کا مطالبہ

پراوین سواہنے کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج نے کئی بار مغربی محاذ پر پاکستان کو زیر کرنے کی کوشش کی، تاہم ہر بار انہیں منہ کی کھانی پڑی۔ یہ محاذ ہمیشہ بھارتی افواج کیلئے چیلنج رہا ہے، پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ میدانِ جنگ میں اس کا عزم اور صلاحیت ناقابلِ شکست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ پاکستان میدانِ جنگ میں، خصوصاً مغربی محاذ پر، کبھی شکست نہیں کھا سکا۔