بیلاروسی شہری کی درندگی، کمسن ایرانی بچے کو زمین پرپٹخ دیا
ماسکو کے شہر شیرمیتیو ہوائی اڈے پر دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا جہاں بیلاروسی سیاح نے ڈیڑھ سالہ ایرانی بچے کو اٹھاکر زمین پر دے مارا
بیلاروسی درندہ صف انسان نے کمسن ایرانی بچے کو زمین پرپٹخ دیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ماسکو کے شہر شیرمیتیو ہوائی اڈے پر دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا جہاں بیلاروسی سیاح نے ڈیڑھ سالہ ایرانی بچے کو اٹھاکر زمین پر دے مارا، جس کے بعد پولیس نے 31 سالہ ولادیمیر وِتکوف کو گرفتار کر لیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بچہ ماں کے ساتھ ایران میں جاری تنازع کے باعث افغانستان کے راستے روس پہنچا تھا، اس دوران ماں بچے کو چھوڑکر تھوڑے فاصلے پر گئی تو غیر ملکی سیاح نے بچے کو تنہا پاکر زمین پر پٹخ دیا۔ یہ واقعہ سی سی ٹی وی میں ریکارڈ ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی بچے کی ماں چند میٹر کے فاصلے پر تھی۔ ایرانی بچے کے سر کی ہڈی ٹوٹ گئی اور ریڑھ کی ہڈی کو بھی شدید ضرب لگی۔ ڈیڑھ سالہ یَزدان اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے، اس کی کھوپڑی میں فریکچر اور ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وِتکوف، متاثرہ بچہ اور اس کی والدہ ایک ہی پرواز سے ماسکو پہنچے تھے۔

روسی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خون میں نشہ آور اشیا کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، ایرانی بچے پر حملے کو روسی حکام نے درندگی قرار دے دیا۔