ایٹمی پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا: ایران کا اعلان
 ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا۔
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ ایرانی جوہری پروگرام بلا تعطل جاری رہے گا۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی و امریکی حملوں سے پہلے ہی ایران نے جوہری پروگرام کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کر لیے تھے ، ایران کا جوہری پروگرام جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دشمن سے حملوں سے پہلے ہی ہم نے ایسے اقدامات کر لیے تھے جن سے ایٹمی سرگرمیاں بحال رہیں ، ان میں کسی قسم کا تعطل نہ آئے اور ایران کا جوہری پروگرام محفوظ رہے۔

ایک ایرانی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ایران کی ایٹمی تنظیم کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ہرصورت جاری رکھے گا، یورینیم کو افزودہ کرنے کی تیاریاں دوبارہ مکمل کر لی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران اور اسرائیل میں جنگ بندی پر عملدرآمد کا آغاز

دریں اثناء ایرانی جوہری پروگرام تنظیم کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایران جوہری پروگرام کی تکمیل کیلئے پر عزم ہے، دشمن کی ایران کی جوہری صنعت کو مکمل طور پر ختم کرنے کی خواہش پوری نہیں ہوگی۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے پاس ایسی صلاحیتیں موجود ہیں جن کے ذریعے جوہری شعبے میں کام بلا تعطل جاری رکھا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا کہ ایران اب اپنے پاس موجود آلات کے ساتھ جوہری طاقت کے حصول کے قابل نہیں رہا، امریکا نے ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کردیا ہے۔

نائب امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ایران نے مستقبل میں دوبارہ جوہری ہتھیار بنانے کی کوشش کی تو امریکی فوج اس سے نمٹ لےگی۔