اسرائیل ایران کیساتھ جنگ سمیٹنے کے قریب ہے: امریکی میڈیا
 امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل ایران کے ساتھ جاری جنگ کو سمیٹنے کے قریب ہے۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل ایران کے ساتھ جاری جنگ کو سمیٹنے کے قریب ہے۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف جاری کارروائیاں جلد ختم کرنا چاہتا ہے، اہم اہداف کو نشانہ بنانے کے بعد اسرائیل جنگ کو طول نہیں دینا چاہتا۔

وال سٹریٹ جرنل کے مطابق اسرائیل نے حالیہ دنوں میں ایران میں کئی حساس مقامات پر حملے کیے، اسرائیل نے سیاسی اور حکومت مخالف افراد جہاں قید تھے اس جیل کو بھی نشانہ بنایا، فردو اور اصفہان سمیت دیگر اہم جوہری اور عسکری تنصیبات بھی اسرائیل کا نشانہ رہیں ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل اور امریکا دونوں چاہتے ہیں کہ ایران پر دباؤ برقرار رکھا جائے مگر جنگ کو طول نہ دی جائے، اسرائیل جلد ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم کرنے والا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی فوج کے سربراہ کا اسرائیل کو سخت سزا دینے کا اعلان

دوسری جانب اسرائیل کے ایران کی جوہری تنصیبات پر مسلسل حملوں کا سلسلہ جاری ہے، امریکا کے بعد صیہونی فوج نے بھی فردو تنصیب پر بم برسادئیے ،اسرائیلی فوج نے تہران میں پاسداران انقلاب ہیڈکوارٹر،سید الشہداء کور پر بمباری، بڑی تعداد میں ایرانی فوجیوں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے، صیہونی فوج نے تاجرش میں ایون جیل سمیت دیگر اہم ٹھکانوں پر بھی حملے کیے۔

ترجمان اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تہران سے خطرہ اب بھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوا،ایران میں اہداف مکمل ہونے تک حملے جاری رہیں گے ۔

اسرائیل نے چھ ایرانی ہوائی اڈوں پر حملے کر کے 15 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، صیہونی فورسز نے ایران کے چھ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

اس کو بھی پڑھیں: ایران سے بات چیت کے خواہاں ہیں، تنازع کو طول نہیں دینا چاہتے، امریکا

اسرائیلی فوج کے مطابق حملوں میں مغربی، مشرقی اور مرکزی ایران میں واقع ایئر پورٹس کو نشانہ بنایا گیا،ڈرون حملوں میں ایران کے ایف-15 اور ایف-5 لڑاکا طیارے، ایک ری فیولنگ جہاز اور ایک اے ایف-1 کوبرا ہیلی کاپٹر تباہ ہوئے، حملوں میں رن ویز اور زیرِ زمین بنکرز کو بھی بھاری نقصان پہنچا۔

صیہونی فورسز کے حملوں کے جواب میں ایران کی جانب سے اسرائیل پر ایک بار پھر میزائلوں کی بارش کردی گئی جس کی اسرائیلی فورسز نے تصدیق کر دی، تازہ حملوں میں وسطی اور جنوبی اسرائیل میں سائرن بجنے لگے۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائلوں نے تل ابیب اور جنوبی اسرائیل کے 5 مقامات کو نشانہ بنایا جس سے جنوبی اسرائیل میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا،متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی۔

ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے مزید میزائل داغے جانے کی تصدیق کی ہے، یروشلم میں سائرن بجنے سے کنیسیٹ میں موجود قانون ساز بھاگ گئے اور شیلٹر میں پناہ لے لی ۔