
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی اڈوں پر ممکنہ حملوں کے پیش نظر خلیجی ریاستوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی، سعودی عرب نے حملوں کے بعد اعلیٰ سطح کا سکیورٹی الرٹ جاری کر دیا ۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے جبکہ کویت نے دفاعی کونسل کا اجلاس مستقل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قطر اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بھی سکیورٹی سخت کر دی گئی ، متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان نے سعودی ولی عہد، امیر قطر اور امیر کویت سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق خلیجی رہنماؤں نے ٹیلیفونک رابطوں میں خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور فریقین سے تنازع کے سفارتی حل پر زور دیا۔
امریکا کی جانب سے ایران پر حملے کے بعد مختلف ائیرلائنز بھی مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود کے استعمال سے کترانے لگی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ایران نے خلیجی ممالک کو خبر دار کیا تھا کہ امریکا کو حملے کے لیے اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دینے پر حملوں کا نشانہ بن سکتےہیں۔
واضح رہے کہ امریکا کی عرب سرزمین پر متعدد ملٹری بیسز ہیں، جن میں بحرین، قطر، متحدہ عرب امارات، اردن اور سعودی عرب سمیت خلیج فارس بھر میں کئی مراکز ہیں۔