علی شمخانی کی شہادت کی خبریں غلط، خود بیان جاری کر دیا
Ali Shamkhani alive
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے ایرانی سپریم لیڈر کے اعلیٰ مشیر علی شمخانی کی شہادت کی خبریں جھوٹی ثابت ہوئیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق علی شمخانی کی حالت اب مستحکم ہے اور ان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔

علی شمخانی نے خود ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ میں زندہ ہوں اور اپنے آپ کو قربان کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ان کے اس بیان نے ان افواہوں کو ختم کر دیا جو گزشتہ روز سے مختلف خبر رساں اداروں میں گردش کر رہی تھیں کہ وہ اسرائیلی حملے میں شہید ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 13 جون کو اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملے کے پہلے مرحلے میں علی شمخانی کے گھر کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا جس میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے۔ اس حملے کے بعد مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی فضا مزید سنگین ہو گئی اور ایرانی عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی حملے بند ہوں، پھر مذاکرات کا سوچیں گے، ایران

ایرانی حکام کے مطابق علی شمخانی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شمخانی کی زندگی بچ جانا ایران کی سیاسی قیادت کیلئے بڑا حوصلہ ہے اور اس سے خطے میں ایران کے دفاعی عزائم مزید مضبوط ہوں گے۔