امریکا کا طلبہ کیلئے ویزے بحال کرنے کا اعلان
امریکا نے طلبہ کے لئے ویزے بحال کرنے کا اعلان کر دیا تاہم ویزا کے خواہشمند امیدواروں کو سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کی کڑی جانچ کا سامنا کرنا پڑے گا
امریکا نے طلبہ کے لئے ویزے بحال کرنے کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) امریکا نے طلبہ کے لئے ویزے بحال کرنے کا اعلان کر دیا تاہم ویزا کے خواہشمند امیدواروں کو سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کی کڑی جانچ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے بین الاقوامی طلبہ کیلئے ایف، ایم اور جے ویزوں کا اجراء بحال کرنے کا اعلان کر دیا، تاہم نئی ہدایات کے مطابق ویزا کے خواہشمند امیدواروں کو سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیوں کی کڑی جانچ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نئی پالیسی کے تحت طلبہ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس "پبلک" رکھنا لازمی ہوگا اور اگر کوئی امیدوار اپنی آن لائن موجودگی کو نجی رکھتا ہے، تو اُسے مشکوک گردانا جا سکتا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا فیصلے سے قبل ایسے مواد کی تلاش کی جائے گی جو امریکی حکومت، عوام یا اقدار کے خلاف نفرت پر مبنی ہو۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ ایران پر حملے سے متعلق فیصلہ آئندہ دو ہفتے میں کرینگے: ترجمان وائٹ ہاؤس

یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر قیادت موجودہ امریکی انتظامیہ کی سخت گیر امیگریشن پالیسیوں کا تسلسل ہے۔ ٹرمپ نے رواں سال کے آغاز میں صدارت سنبھالنے کے بعد نہ صرف طلبہ ویزوں کی منظوری عارضی طور پر معطل کی تھی بلکہ متعدد غیر ملکی طلبہ کے ویزے منسوخ بھی کیے تھے۔

پاکستانی تعلیمی اداروں اور اسکالرشپ پروگراموں سے وابستہ ماہرین نے ان اقدامات کو باعثِ تشویش قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف طلبہ کی رازداری متاثر ہو سکتی ہے بلکہ ویزا کے عمل میں غیر ضروری ذہنی دباؤ بھی پیدا ہوگا۔

یاد رہے کہ ہر سال ہزاروں پاکستانی طلبہ امریکہ کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے ویزا کے منتظر ہوتے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال امریکہ میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔