
رپورٹ کے مطابق او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس ہفتہ کے روز مقامی وقت کے مطابق دن 2:30 بجے طلب کیا گیاہے، افتتاحی سیشن سے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان خطاب کرینگے۔
اجلاس سے سعودی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان، او آئی سی سیکرٹری جنرل حسین طحہٰ براہیم اور دیگر رہنما بھی افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لیے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل استنبول پہنچیں گے،او آئی سی میں پاکستانی مستقل مندوب سید فواد شیراور ترکیہ میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام وزیر خارجہ کا استقبال کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: یورپی وزرائے خارجہ کل ایران سے مذاکرات کریں گے
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اجلاس میں ایران پر اسرائیلی حملوں سے متعلق پاکستانی مؤقف بیان کریں گے، او آئی سی سائیڈ لائنز پر نائب وزیر اعظم کی ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات بھی ہوگی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان کے درمیان بھی ملاقات طے ہوچکی ہے،وزیر خارجہ بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ توحید حسین سے بھی اوآئی سی سائیڈ لائنز پر ملاقات کریں گے۔
ترجمان کے مطابق او آئی سی سائیڈ لائنز پر وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیر اعظم کی آذربائیجان، ترکیہ، ملائشیا، مصر، کویت اور دیگر وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں طے ہیں، او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کا اجلاس بھی استنبول میں اتوار کو ہو گا۔