امریکا نے غیر ملکی طلبہ پر عائد ویزہ پابندی ختم کر دی
US student visa policy
فائل فوٹو
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکا نے غیر ملکی طلبہ کیلئے سٹوڈنٹس ویزوں پر عائد حالیہ پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اب دنیا بھر کے طلبہ دوبارہ ویزہ کیلئے درخواست دے سکیں گے۔

ذہن نشین رہے کہ نئی پالیسی کے تحت درخواست گزاروں کیلئے ایک اہم شرط عائد کی گئی ہے،طلبہ کو ویزہ فارم کے ساتھ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی تاکہ ویزہ حکام ان کی ڈیجیٹل سرگرمیوں کا جائزہ لے سکیں۔

محکمہ خارجہ نے تمام امریکی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کو نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ویزہ درخواستوں کے جائزے میں ان نئی شرائط کو مدنظر رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے ایران پر حملہ روک دیا،امریکی اخبار کا دعویٰ

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکا نے امیگریشن پالیسیوں کو سخت کرتے ہوئے غیر ملکی طلبہ کو ویزے جاری کرنے پر عارضی پابندی عائد کر دی تھی۔ اس اقدام کو داخلی سیکیورٹی کو ترجیح دینے اور امیگریشن کنٹرول کو سخت کرنے کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔

ماضی میں بھی کچھ مخصوص ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو تعلیمی اداروں میں داخلے یا ویزہ کے اجرا میں مشکلات کا سامنا رہا ہے، تاہم حالیہ اقدام کو عالمی تعلیمی برادری نے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔