ایران مزید میزائل حملوں کی تیاری کر رہا ہے،اسرائیلی فوج
Iran missile attack on israel
فائل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) اسرائیلی فوجی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران اسرائیل کیخلاف مزید میزائل حملوں کی تیاری میں مصروف ہے۔

 اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایران کی فوجی انٹیلی جنس نے اسرائیلی فضائیہ کی حالیہ کارروائیوں کے بعد جوابی حملوں کیلئے میزائلوں کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے آج رات کی جوابی کارروائی گزشتہ جمعہ کے حملوں سے 20 گنا زیادہ طاقتور ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حدوں کو چھونے لگی، ایران گزشتہ رات ایک بار پھر اسرائیل کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے، جس کے بعد اسرائیل بھر میں خطرے کی گھنٹیاں بجنے لگیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیلی سرزمین پر 100 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے، جن کا ہدف اسرائیل کے مختلف شہر بنے۔

ابتدائی رپورٹس کے مطابق تل ابیب، حیفہ اور دیگر شہروں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد ان علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کا اسرائیل پر ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ

 

 

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کے فوری بعد ملک بھر میں سائرن بجنے لگے،جس کے بعد شہریوں کو بنکروں میں چلے جانے کی ہدایت جاری کی گئی۔ سیکیورٹی حکام نے شہریوں کو گھروں میں رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی سختی سے تاکید کی ہے۔

اسرائیلی حکومت نے فوری ردعمل میں ملک بھر میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ حملے کے بعد اسرائیل کی جنگی کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا گیا، جس کی صدارت وزیراعظم نیتن یاہو کر رہے ہیں۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال، جوابی کارروائی اور دفاعی حکمت عملی پر مشاورت جاری ہے۔

دوسری جانب دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہونے لگے ہیں، اور بین الاقوامی برادری کی نظریں ایک بار پھر ایران اور اسرائیل کی کشیدہ صورتحال پر مرکوز ہو گئی ہیں۔