ایران کا اسرائیلی ایف-16 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
Operation Vada-e-Sadiq 3
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی ایک نئی انتہا کو پہنچ گئی، ایرانی فضائیہ نے وعدہ صادق 3 نامی آپریشن کے تحت اسرائیلی ایف-16 جنگی طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق تباہ شدہ طیارے کے دونوں پائلٹس کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جن میں ایک اسرائیلی خاتون پائلٹ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے اس کارروائی کو شدید انتقام کا نام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائی اسرائیل کی جانب سے حالیہ حملوں کے جواب کا صرف آغاز ہے۔ ایرانی ذرائع کے مطابق ایران نے اسرائیلی اہداف پر 150 سے زائد میزائل داغے ہیں جبکہ تہران میں فضائی دفاعی نظام بھی مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ہمارے جواب کا ابھی صرف آغاز ہوا ہے.

دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران میں 200 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، اس کے پاس ایران کے کسی بھی ردعمل کا اکیلے مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت موجود ہے۔ تاہم رائٹرز کے مطابق اسرائیلی ترجمان کی ٹی وی بریفنگ غیر متوقع طور پر ختم کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کی اسرائیل پر جوابی کارروائی، بیلسٹک میزائل داغ دیے

خیال رہے کہ ایرانی شہر تبریز میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 18 ہو گئی ہے جبکہ 35 افراد زخمی ہیں۔

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق ایران میں پاسداران انقلاب ایک متوازی فوج کے طور پر کام کرتی ہے، جس سے ریگولر فوج کمزور ہوئی ہے۔ ان کے مطابق اس اندرونی تقسیم کی وجہ سے اسرائیل کو ایرانی سرزمین پر انٹیلیجنس معلومات حاصل کرنے میں آسانی ہوئی ہے۔