ایران کا اسرائیلی جوہری تنصیبات سے متعلق دستاویزات حاصل کرنے کا دعویٰ
ایران نے اسرائیل کی جوہری تنصیبات سے متعلق ہزاروں دستاویزات حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے اسرائیل کی جوہری تنصیبات سے متعلق ہزاروں دستاویزات حاصل کرنے کا دعویٰ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران حکومت نے تل ابیب کی جوہری تنصیبات کی حساس دستاویزات کو جلد منظر عام پر لانے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی انٹیلی جنس کے وزیر سید اسماعیل خطیب نے بتایا ہے کہ اسرائیل کی جوہری تنصیبات سے متعلق دستاویزات کو ایران منتقل کردیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل خطیب نے کہا ہے کہ اسرائیل سے متعلق حاصل ہونے والے دستاویزات میں امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیل کے تعلقات اور اسرائیلی سٹریٹجک پاور کی انٹیلی جنس دستاویزات بھی شامل ہیں۔

ایرانی وزیر کا کہنا تھا کہ اسرائیلی دستاویزات حاصل کرنے کے لیے جامع اور پیچیدہ آپریشن کا منصوبہ بنایا گیا تھا، دستاویزات کی طرح انہیں ایران منتقل کرنے کا طریقہ بھی انتہائی اہم تھا۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ اس کارروائی کو کچھ عرصہ قبل مکمل کیا تھا تاہم دستاویزات کے بڑے حجم اور پوری کھیپ کو محفوظ طریقے سے ایران منتقل کرنے کی ضرورت کی وجہ سے یہ آپریشن خفیہ رکھا گیا۔

دوسری جانب ایران کے اس دعویٰ سے متعلق اسرائیل کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔