
مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لیے دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمین حج آج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کے بعد 2 رکعت نفل ادا کر کے منیٰ کے میدان میں پہنچے، حجاج کرام جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گے اور عبادات میں مصروف رہیں گے۔
عازمین حج آج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکنِ اعظم وقوف کے لئے میدان عرفات جائیں گے، عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے پھر اس کے بعد سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ کیلئے روانہ ہوں گے اور مزدلفہ میں مغرب اور عشاء کی نمازیں اکٹھی کر کے پڑھیں گے، مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے اور پھر حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے۔
حجاج کی جانب سے بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماری جائیں گی اور اس کے بعد حجاج کرام قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے، 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔
رمی جمرات کے بعد حجاج کرام کی طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانگی ہو گی، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے، 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد حجاج تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔
13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منیٰ سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔