امارات میں سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر جرمانوں کا قانون نافذ
 متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر بھاری جرمانوں کا نیا قانون نافذ کردیا۔
فائل فوٹو
ابوظہبی: (سنو نیوز) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال پر بھاری جرمانوں کا نیا قانون نافذ کردیا۔

متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے امارات میں بسنے والے پاکستانیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ذرا سی غلطی کی صورت میں لاکھوں درہم یعنی پاکستانی کروڑوں روپے کے جرمانے ادا کرنا ہوں گے۔

یواےای حکومت کی جانب سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے متعلق نیا قانون جاری کردیا گیا جسے میڈیا ریگولیشن قانون کا نام دیا گیا ہے۔

قانون کا اطلاق امارات میں کام کرنے والے تمام افراد ، میڈیا آؤٹ لیٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہوگا ،اس قانون کا نفاذ 29 مئی 2025 سے کیا گیا ہے، یہ قانون 20 قسم کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتا ہے، قانون کی خلاف ورزی پر لاکھوں درہم کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

نئے قانون کے مطابق مذہبی عقائد یا ذات الہٰی کی توہین پر ایک لاکھ تا دس لاکھ درہم جرمانے کی سزا ہو گی، اماراتی قیادت ، قومی علامتوں یا اداروں کی بے حرمتی پر پانچ ہزار تا پچاس ہزار درہم جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

اسی طرح غیر ملکی تعلقات کے لیے نقصان دہ مواد کی اشاعت پر تیس ہزار تا دولاکھ پچاس ہزار درہم جرمانے کی سزا بھگتنا پڑے گی جبکہ فرقہ واریت ،تشدد یا دہشت گردی کی حوصلہ افزائی پر ایک لاکھ تا 5 لاکھ درہم جرمانہ ہو سکتا ہے۔

قانون کے مطابق رازداری یا بچوں کے حقوق کی پامالی پر 5 ہزار تا ایک لاکھ درہم ، غیر اخلاقی، غلط یا گمراہ کن معلومات پھیلانے پر 10 ہزار تا ایک لاکھ درہم جرمانے کی سزا رکھی گئی ہے جبکہ عمر کی درجہ بندی کو نظر انداز کرنا یا قومی شناخت کو غلط انداز میں پیش کرنے پر 5 ہزار تا ایک لاکھ درہم کا جرمانہ ہوگا۔