سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ پر 4 روزہ تعطیلات کا اعلان
Eid al-Adha holidays Saudi Arabia
فائل فوٹو
ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے عیدالاضحیٰ کے مقدس موقع پر سرکاری و نجی اداروں کیلئے 4 روزہ تعطیلات کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

سعودی میڈیا رپورٹس کے مطابق تعطیلات کا آغاز 5 جون بروز جمعرات یعنی عرفات کے دن سے ہوگا، جو 8 جون بروز اتوار تک جاری رہیں گی۔ تمام ادارے 9 جون پیر سے معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے۔

سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ 6 جون 2025 کو منائی جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی اسٹاک مارکیٹ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر 6 دن کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

عیدالاضحیٰ مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے، جو ہر سال 10 ذوالحجہ کو منایا جاتا ہے۔ اسے عید قرباں بھی کہا جاتا ہے، یہ حضرت ابراہیمؑ کی اللہ کے حکم پر اپنے بیٹے حضرت اسماعیلؑ کی قربانی کی یاد میں منائی جاتی ہے۔

اس دن مسلمان قربانی کرتے ہیں اور گوشت کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہیں: ایک حصہ غریبوں کو دیا جاتا ہے، دوسرا رشتہ داروں کو، اور تیسرا اپنے لیے رکھا جاتا ہے۔

سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کا خاص اہتمام کیا جاتا ہے، لاکھوں مسلمان حج کی ادائیگی کے بعد عید مناتے ہیں، جبکہ عام شہری اور غیر ملکی کارکنان بھی تعطیلات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔