افغان طالبان نے جہاد کے نام پر پاکستان میں حملوں کو ناجائز قرار دیدیا
افغان طالبان نے فتنہ الخوارج کو انتباہ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) افغان طالبان نے فتنہ الخوارج کو انتباہ جاری کردیا۔

افغان طالبان کے کمانڈر سعیداللہ سعید نے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کے دوران فتنہ الخوارج کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ امیر کے حکم کے خلاف کسی بھی ملک خصوصاً پاکستان میں لڑنا جائز نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف گروہوں میں شامل ہو کر بیرون ملک جہاد کرنے والے حقیقی مجاہد نہیں، ایک جگہ سے دوسرے جگہ حملے کرنے والے افراد کو مجاہد کہنا غلط ہے، جہاد کا اعلان یا اجازت دینا صرف ریاستی امیر کا اختیار ہے کسی گروہ یا فرد کا نہیں۔

کمانڈر سعیداللہ سعید کا مزید کہنا تھا کہ اگر ریاستی قیادت پاکستان نہ جانے کا حکم دے چکی ہے تو اس کے باوجود جانا دینی نافرمانی ہے، اپنی انا یا گروہ کی وابستگی کی بنیاد پر کیا گیا جہاد شریعت کے مطابق فساد تصور کیا جائے گا، جہاد کے نام پر حملے کرنے والے گروہ شریعت اور افغان امارت دونوں کے نافرمان ہیں۔

افغان کمانڈر کے اس بیان پر دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بیان پاکستان کی داخلی سلامتی، بیانیے اور عالمی سطح پر سفارتی مؤقف کو مضبوط کرتا ہے، بھارتی پراکسیز اور بھارتی ایماء پر فتنہ الخوارج کا نام نہاد جہاد دراصل شریعت، ریاست اور امن کے خلاف دہشتگردی ہے۔