ڈانسر گروپ دولہا کو اسٹیج سے اغوا کر کے فرار، شادی گھر میں افراتفری
بھارتی ریاست بہار میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ہنگامہ خیز فلمی سین میں بدل گئی جب شادی میں مدعو کیے گئے ڈانسر گروپ نے پرفارمنس کے دوران پیش آئے تنازع کے بعد دلہے کو اغوا کر لیا۔
فائل فوٹو
بہار: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں ایک شادی کی تقریب اس وقت ہنگامہ خیز فلمی سین میں بدل گئی جب شادی میں مدعو کیے گئے ڈانسر گروپ نے پرفارمنس کے دوران پیش آئے تنازع کے بعد دلہے کو اغوا کر لیا۔

یہ انوکھا واقعہ جمعے کی رات بھارتی ریاست بہار کے ضلع گوپال گنج کے دیگھوا ڈوبولی گاؤں میں پیش آیا، جہاں شادی کی تقریب میں مدعو ایک ڈانسر گروپ نے روایتی پرفارمنس کے بعد پروگرام ختم کرنے کی کوشش کی تاہم مہمانوں نے پرفارمنس جاری رکھنے کا اصرار کیا جس پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہوئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب ہاتھا پائی کے دوران گروپ کی رقاصہ "مسکان" زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئی لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی۔

زخمی رقاصہ مسکان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تقریب میں واپسی کی، مشتعل گروپ نے مہمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع پا کر دلہے سونو کمار شرما کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کے مطابق دولہے کو 9 گھنٹے بعد ضلع سیوان سے بازیاب کروا لیا گیا جبکہ اغوا میں ملوث ڈانسر گروپ تاحال مفرور ہے، گوپال گنج کے ایس پی اودھیش ڈکشٹ کا کہنا ہے کہ اغوا کی اطلاع پر فوری کارروائی کی گئی تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

بھارتی سوشل میڈیا پر یہ واقعہ وائرل ہو چکا ہے جہاں صارفین اسے کسی بالی ووڈ فلم کا سین قرار دے رہے ہیں جبکہ شادی کے دن دلہا کا یوں اسٹیج سے اغوا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔