ایرانی شخص نے منفرد عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
Abolfazl Saber Mokhtari record
فائیل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) ایرانی شخص نے اپنے جسم پر 96 چمچوں کا توازن برقرار رکھ کر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق اس منفرد کارنامے کے مالک کا نام ابوالفضل صابر مختاری ہے جنہوں نے نہ صرف دنیا کو حیران کر دیا بلکہ ایک بار پھر دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ ابوالفضل نے ایسا ریکارڈ قائم کیا ہو بلکہ انہوں نے اس سے قبل 2021 میں 85 اور 2023 میں 88 چمچ جسم پر بیلنس کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا اور اس بار 96 چمچوں کے ساتھ انہوں نے تیسری بار اپنا ہی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

ابوالفضل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اپنے اس انوکھے ٹیلنٹ کا احساس بچپن میں ہی ہو گیا تھا اور   یہ آسان نہیں تھا مگر میں نے محنت جذبے اور مسلسل مشق سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔
 
انہوں نے مزید حیران کن انکشاف کرتے ہوئے کہا میں اپنے جسم پر نہ صرف چمچ بلکہ پلاسٹک، شیشہ، پھل، پتھر، لکڑی حتیٰ کہ ایک مکمل انسان کو بھی چپکا سکتا ہوں۔
 ان کا دعویٰ ہے کہ وہ اپنے جسم سے توانائی کسی بھی شے میں منتقل کر سکتے ہیں جس کے باعث یہ حیرت انگیز توازن ممکن ہوتا ہے۔
 
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اس منفرد کارنامے کو دستاویزی شکل دے کر عالمی سطح پر شائع کر دیا ہے اور ابوالفضل صابر مختاری ایک بار پھر دنیا بھر کے لیے ایک دلچسپ معمہ بن چکے ہیں۔