دبئی میں پاکستانیوں نے نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
Pakistan Association Dubai
فائیل فوٹو
دبئی : (ویب ڈیسک) پاکستان ایسوسی ایشن دبئی نے دنیا کا سب سے بڑا ہینڈ پرنٹ شدہ متحدہ عرب امارات کا پرچم بنا کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

دبئی میں پاکستان ایسوسی ایشن (PAD) نے ایک تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے دنیا کا سب سے بڑا ہاتھوں سے بنایا گیا،جس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا پرچم تیار کر کے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا، یہ منفرد منصوبہ ایمیریٹس لوورز اور معروف آرٹسٹ رباب زہرا کے تعاون سے مکمل ہوا۔

مزید یہ کہ اس عظیم الشان پرچم میں 24,514 افراد کے ہاتھوں کے نشان شامل ہیں جو دنیا کے 100 سے زائد ممالک کی نمائندگی کرتے ہیں، جو نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر ہے بلکہ یو اے ای میں بسنے والی متنوع کمیونٹی کے اتحاد اور ہم آہنگی کی علامت بھی ہے۔

یاد رہے کہ یہ اقدام یو اے ای کے ’سالِ کمیونٹی‘ کی مناسبت سے شروع کیا گیا، جس کا مقصد کمیونٹی کو قریب لانا اور ثقافتی میل جول کو فروغ دینا ہے۔

دوسری جانب اس تاریخی پرچم کی رونمائی پاکستان آڈیٹوریم دبئی میں ہوئی جہاں 250 سے زائد افراد موجود تھے، جس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور قونصل جنرل حسین محمد نے بھی شرکت کی، اس کامیابی پر کمیونٹی کو مبارک باد دی۔

زہن نشین رہے کہ یہ ریکارڈ نہ صرف پاکستان کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہے بلکہ یو اے ای کی شاندار روایات کا بھی عکاس ہے۔