متحدہ عرب امارات میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا پہنچا
UAE Heatwave
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں گرمی کی شدت نے تمام سابقہ ریکارڈز توڑ دیے ہیں۔ ابوظہبی کے علاقے الشوامخ میں درجہ حرارت 50.4 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو کہ ملک کی تاریخ میں مئی کے مہینے کا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
قومی مرکز برائے موسمیات (NCM) کے مطابق یہ ریکارڈ جمعہ کے روز دوپہر 2 بج کر 3 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا۔ یہ درجہ حرارت 2003 سے لے کر اب تک مئی کے مہینے میں سب سے زیادہ تصور کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل مئی 2009 میں 50.2 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا، جو اب پیچھے رہ گیا ہے۔
این سی ایم (NCM ) نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا کہ ’’آج ملک بھر میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 50.4 سینٹی گریڈ، ابو ظہبی کے الشوامخ علاقے میں ریکارڈ کیا گیا‘‘۔ اس اعلان نے عوام اور حکام دونوں کو خبردار کر دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید شدید ہو سکتا ہے۔
ماہرین موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شدید گرمی میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، دن کے اوقات میں براہ راست دھوپ سے بچیں، زیادہ مقدار میں پانی استعمال کریں اور سن اسکرین، چھتری یا ہیٹ پروٹیکشن کے دیگر ذرائع کا استعمال کریں تاکہ ہیٹ اسٹروک جیسے خطرناک اثرات سے بچا جا سکے۔
ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف متحدہ عرب امارات کا مسئلہ نہیں بلکہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا ایک مظہر ہے۔ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے مختلف علاقوں میں موسم کی شدت میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔