
چھٹیاں 9 ذوالحجہ سے شروع ہوں گی، جو یومِ عرفہ کے طور پر جانا جاتا ہے اور 13 ذوالحجہ تک جاری رہیں گی۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ قمری کیلنڈر کی بنیاد پر یومِ عرفہ جمعرات، 5 جون 2025 کو متوقع ہے، جبکہ عیدالاضحیٰ اگلے دن یعنی جمعہ 6 جون کو منائی جائے گی،تاہم حتمی فیصلہ 27 مئی کو چاند دیکھنے کے بعد ہی کیا جائے گا،اگر چاند 27 مئی کو نظر آ گیا تو ذوالحجہ 28 مئی سے شروع ہوگا، بصورت دیگر 29 مئی سے آغاز ہوگا۔
پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی متوقع تاریخ کے حوالے سے اہم پیشگوئی سامنے آ گئی ہے، خلا نوردی اور فلکیاتی تحقیق کے قومی ادارے سپارکو نے ذوالحجہ کے چاند کے حوالے سے سائنسی تجزیہ جاری کر دیا۔
سپارکو حکام کے مطابق فلکیاتی ماڈلز سے حاصل کردہ ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ ذوالحجہ کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 08:02 بجے پیدا ہوگا۔ تاہم 27 مئی کو جب سورج غروب ہوگا تو چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 34 منٹ ہو گی، جو کہ سائنسی لحاظ سے بہت کم ہے۔
ادارے کے مطابق ایسے حالات میں بہترین موسمی منظر نامے میں بھی پاکستان کے کسی بھی علاقے میں چاند کے نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔ اس بنیاد پر سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ عیدالاضحیٰ ملک بھر میں ہفتہ، 7 جون 2025 کو منائے جانے کا قوی امکان ہے۔
تاہم سپارکو نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا جو عینی شہادتوں، موسمی حالات اور دیگر شرعی و سائنسی عوامل کی روشنی میں اعلان کرے گی۔
ذہن نشین رہے کہ پاکستان میں عیدالاضحیٰ کا تعین ہر سال چاند کی رویت پر منحصر ہوتا ہے، اور عید قربان اسلامی مہینے ذوالحجہ کی 10 تاریخ کو منائی جاتی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے باضابطہ اعلان کا انتظار کریں۔