
فیملی وزٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند افراد درج ذیل مکمل اور مرحلہ وار طریقہ کار پر عمل کر کے یہ سہولت حاصل کر سکتے ہیں۔
کویتی حکام کے مطابق بیوی، بچوں اور والدین کیلئے وزٹ ویزا کی فیس 400 دینار مقرر کی گئی ہے جبکہ بھائی، بہن یا دیگر رشتے داروں کیلئے 800 دینار فیس کے ساتھ ساتھ متعلقہ جوازات (امیگریشن آفس) سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوگا۔
علاوہ ازیں درخواست گزار کے پاس کم از کم 6 ماہ کیلئے مؤثر درست پاسپورٹ ہونا لازمی ہے۔ نادرا پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رشتہ داری کے ثبوت بھی فراہم کرنا ہوں گے، جن میں بیوی کیلئے نکاح نامہ، بچوں یا والدین کیلئے فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) ضروری ہیں۔
اگر کوئی اور رشتے دار وزٹ ویزا پر بلایا جا رہا ہو تو رشتہ داری کا تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ اور عربی زبان میں شہادت نکاح درکار ہے جسے پاکستان ایمبیسی کویت اور کویت کی وزارت خارجہ سے تصدیق شدہ ہونا چاہیے۔
مزید برآں اسپانسر کا سول آئی ڈی کارڈ، ورک پرمٹ، اور جزیرا یا کویت ایئرویز کی واپسی کی ٹکٹ بکنگ ضروری ہے۔ ویزا کیلئے مکمل درخواست فارم بھی درکار ہوگا۔
ذہن نشین رہے کہ درخواست گزار کو ’میٹا‘ یا ’ساحل‘ ایپ کے ذریعے اپوائنٹمنٹ حاصل کرنا ہوگی اور تمام دستاویزات متعلقہ جوازات دفتر میں جمع کروانی ہوں گی۔ ویزا فیس 3 دینار مقرر کی گئی ہے، منظوری کے بعد ایک ماہ کیلئے مؤثر ویزا جاری کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اسپانسر کو حلف نامے پر دستخط کرنا ہوں گے کہ وزٹ ویزا کو اقامہ میں تبدیل نہیں کیا جائے گا۔