معروف یوٹیوبر پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں گرفتار
Indian YouTuber arrested for esepionag
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) بھارت میں پاکستان کیلئے جاسوسی کے الزام میں معروف یوٹیوبر اور ٹریول وی لاگر جیوتی ملہوترا کو گرفتار کر لیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق جیوتی ملہوترا کو ریاست ہریانہ کے شہر حصار سے گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ جیوتی ملہوترا ٹریول وِد جو کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتی ہیں، جس کے سبسکرائبرز کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، وہ انسٹاگرام پر بھی خاصی مقبول ہیں اور دنیا بھر کے سفر کی ویڈیوز اپ لوڈ کرتی رہتی ہیں۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ جیوتی ملہوترا ماضی میں دو مرتبہ پاکستان کا سفر بھی کر چکی ہیں، جسے اب تفتیشی ادارے مشکوک قرار دے رہے ہیں، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر پاکستان کیلئے حساس معلومات اکٹھی کیں۔

رپورٹس کے مطابق جیوتی کے علاوہ 5 مزید افراد کو بھی اسی نوعیت کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے، یہ گرفتاریاں بھارتی خفیہ اداروں کے آپریشن کا حصہ بتائی جا رہی ہیں، جو کہ حالیہ دنوں میں مبینہ پاکستانی نیٹ ورکس کیخلاف متحرک ہوئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے پہلے بھی بھارتی پنجاب میں 2 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی، ان پر پاکستانی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کیلئے جاسوسی کا الزام تھا، جبکہ ایک ملزم پر بھارتی فوج کی نقل و حرکت کی معلومات فراہم کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے فی الحال تفصیلی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم ان گرفتاریوں کو حساس نوعیت کی قومی سلامتی سے جوڑا جا رہا ہے۔