بھارت میں خوفناک آتشزدگی، 17 افراد لقمہ اجل بن گئے
Hyderabad india fire tragedy
حیدرآباد: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں ایک رہائشی عمارت میں ہولناک آتشزدگی کے باعث 17 افراد لقمہ اجل بن گئے اور متعدد زخمی ہو گئے، ہلاک شدگان کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق افسوسناک واقعہ حیدرآباد کے تاریخی علاقے چار مینار میں پیش آیا، جہاں ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا، اور لوگ باہر نکلنے میں ناکام رہے۔

حکام کے مطابق آتشزدگی کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے، تاہم مکمل تحقیقات جاری ہیں۔ آگ لگتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا، فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مرنے والے افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔

وزیر اعلیٰ تلنگانہ نے واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے، اور مرنے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔

مقامی رہائشیوں نے واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے سانحات سے بچنے کیلئے عمارتوں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔