
امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکا میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ خاص طور پر بھارتی شہریوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں قیام کرنا قانونی جرم تصور کیا جائے گا، جس پر ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکا میں اس وقت تقریباً 7 لاکھ 25 ہزار بھارتی شہری غیر قانونی طور پر مقیم ہیں۔ صرف سال 2023 میں 51 ہزار بھارتیوں نے امریکا میں پناہ کی درخواست دی، جب کہ گزشتہ 5 سالوں میں پناہ کی درخواستوں میں 470 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی شہریوں کی امریکا ہجرت میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بھارت میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور معاشی بدحالی ہے۔ نریندر مودی حکومت کے تحت اپریل 2025 میں بھارت کی مجموعی بے روزگاری کی شرح 5.1 فیصد تک پہنچ چکی ہے، جبکہ شہری علاقوں میں یہ شرح بڑھ کر 6.5 فیصد ہو چکی ہے۔ اس صورت حال کا سب سے زیادہ اثر نوجوان طبقے پر پڑ رہا ہے، جو بہتر مستقبل کی تلاش میں امریکا کا رخ کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کے تازہ اقدام سے بھارت سے غیر قانونی طور پر امریکا آنے والے ہزاروں افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب کہ مستقبل میں امریکی امیگریشن پالیسیوں میں مزید سختی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔