
اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے جن میں سے 3 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میکسیکو کا بحری تربیتی جہاز معمول کی مشقوں کے دوران نیویارک ہاربر میں داخل ہوا۔ حادثے کے دوران جہاز کے بالائی حصے نے بروکلین پل کے نچلے حصے سے ٹکرایا، جس کے نتیجے میں جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور وہ اپنا سفر جاری نہ رکھ سکا۔
میکسیکو کی بحریہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ جہاز کا اوپر والا حصہ پل سے ٹکرایا،جس کے بعد فوری طور پر جہاز کو روک دیا گیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 3 افراد کی حالت نازک قرار دی گئی ہے۔
حادثے کے بعد امریکی کوسٹ گارڈ میکسیکن بحریہ اور مقامی حکام نے مشترکہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ یہ جانا جا سکے کہ حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا انسانی غفلت اس کا سبب بنی۔
نیویارک کے شہریوں اور پل پر موجود مسافروں کو بھی اس حادثے کے باعث شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بروکلین پل کو فوری طور پر چیک کر کے محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔