عازمینِ حج کیلئے سعودی حکومت کا بڑے اقدامات کا اعلان
Hajj 2025 Smart Services
فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) حج 1446 ہجری کے دوران عازمینِ حج کی سہولت اور رہنمائی کیلئے سعودی عرب نے غیر معمولی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

ان اقدامات میں سب سے نمایاں مصنوعی ذہانت پر مبنی سمارٹ معاون ایپ کا اجرا ہے، جو مسجد نبویؐ میں عازمین کی آسانی کیلئے متعارف کرائی گئی ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اس ایپ کو ادارہ امور حرمین شریفین کے دینی شعبے کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے متعارف کرایا، ان کے ہمراہ امام و خطیب مسجد نبویؐ شیخ ڈاکٹر عبدالباری بن عواض الثبیتی بھی موجود تھے۔ ایپ کا مقصد عازمین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دینی و عملی رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ ادارہ حرمین شریفین کی جانب سے حج آپریشنل پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے، جو 120 مختلف اقدامات پر مشتمل ہے۔ ان میں ڈیجیٹل رہنما اصول، مختلف زبانوں میں رہنمائی اور علمی و فکری پروگرام شامل ہیں۔ منارہ روبوٹ کے نئے اور اپ ڈیٹ شدہ ورژن کا بھی افتتاح کیا گیا ہے، جس میں متعدد زبانوں میں خودکار رہنمائی کی سہولت دی گئی ہے۔

رائل کمیشن برائے مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ کے مطابق حج سے متعلقہ تمام منصوبوں کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ مکہ مکرمہ میں پیدل چلنے والوں کیلئے ٹریکس کو کشادہ کیا گیا ہے، جبکہ بھیڑ کو کنٹرول کرنے کیلئے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

مکہ بس پروگرام کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 400 بسیں 12 مختلف راستوں پر زائرین کو سفری سہولت فراہم کریں گی۔

مشاعر مقدسہ (منیٰ، مزدلفہ اور عرفات) میں بھی کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔ مزدلفہ میں 1,70,000 مربع میٹر پر مشتمل آرام دہ راستے تعمیر کیے گئے ہیں۔ منیٰ میں 200 بستروں پر مشتمل جدید ہسپتال اور 71 طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں ایام حج میں طبی عملہ مسلسل خدمات انجام دے گا۔

حجاج کے آرام کیلئے سایہ دار جگہیں قائم کی گئی ہیں اور پینے کے پانی کی مستقل فراہمی کیلئے 400 واٹر کولرز بھی نصب کر دیے گئے ہیں۔